10 اکتوبر 2012 - 20:30

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید فرمائي ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی تمام تر ترقی پابندیوں اور کٹھن حالات میں حاصل ہوئي ہے ۔

ابنا: رہبرانقلاب اسلامی نے آج ایران کے شمالی مشرقی صوبے خراسان شمالی میں ہزاروں افراد جن میں اس صوبے کے اسکولی معلمین اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور اکیڈ میک کونسلوں کے اراکین شامل تھے،  سے خطاب میں فرمایا کہ عالمی سطح پر علم کی پیداوار میں ایران کا دو فیصد حصہ ہے اور یہ ساری ترقی اور پیشرفت کٹھن حالات، پابندیوں اور بیرونی دباؤ کے موقع پر نیز ماہر جوانوں کی ہمت سے حاصل ہوئي ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ ہمارے جوانوں نے ایسے عالم میں یہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جب کہ وہ منظم مالی حمایت سے بھی بہرہ مند نہیں تھے۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا میں اعداد و شمار کے معتبر اداروں نے اعلان کیا ہے کہ ایران کا رتبہ ، سائنسی ترقی کے لحاظ سے سولھواں ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ چھے برسوں میں ایران چوتھے رتبے پر پہنج جائے گا۔ رہبرانقلاب اسلامی نے ابتداء ہی سے بچوں کی نیک صفات پرتربیت کرنے اور انہیں انسانی تشخص دینے پر تاکید فرمائي ۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کی بنیادی ترین ضرورت جوان نسل کو مستقبل، خود اعتمادی اور جوش و ولولے کے جذبات سے ہمکنار کرنا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے اسلام میں حکومت کی تشکیل کے فلسفے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ ہے کہ اسلام انسان اور معاشرے میں ہمہ گیر تبدیلیاں اور انسانی اقدار کا غلبہ چاہتاہے بنابرین اسلام کی نظر میں تعلیم و تربیت اور معلمین کے لئے اعلی تعلیم نہایت ہی ضروری قراردی گئي ہے ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے  پرائمری مرحلے میں بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کو ایک ا ہم ترین ضرورت قراردیا ۔ آپ نے فرمایا کہ ماضی میں معاشرے میں جو ایک غلط تصور قائم ہوا تھا وہ خود کو مغرب کا محتاج سمجھنا اور مغرب کو ہرطرح سے بالخصو علمی اور سائنسی مسائل میں پیشرفتہ سمجھنا ہے ۔ آپ نے فرمایا یہ تاثر خود اعتمادی کی ثقافت سے ختم ہوسکتا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ مغرب کے مقابل خود اعتمادی کو بچوں اور جوانوں میں مستحکم کیاجانا چاہیے اور وزارت تعلیم اور وزارت اعلی تعلیم کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خود اعتمادی کے جذبات کو تقویت پہنچائيں ۔

.....

/169